Breaking News

پمز آتشزدگی میں بچے کی جان بچانے والی نرس کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری

پمز آتشزدگی میں بچے کی جان بچانے والی نرس کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری
۴ دن پہلے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دے دی ہے۔

 

ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بدھ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی نرس رضیہ نورین کو ان کی جرات اور بہادری کے اعتراف میں تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دی۔

 

پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی نرسری میں 26 اگست کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔ سانحے کے بعد ہسپتال میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات پر سوالات اٹھے، جبکہ واقعے کے ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔

 

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں رضیہ نورین کو شعلوں میں گھری نرسری میں داخل ہوتے اور چند سیکنڈ بعد ایک نومولود کو اٹھا کر باہر نکلتے دیکھا گیا۔ بچے کو محفوظ مقام پر پہنچانے کے بعد انہوں نے دوبارہ نرسری میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم اس وقت تک آگ مزید پھیل چکی تھی۔

 

نرس رضیہ نورین کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کو حکومتی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں