ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرائے بڑھانے کا عندیہ، پھر ملک گیر ہڑتال کی دھمکی
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے ایک بار پھر ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیزل اور پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا تو پاکستان بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے اور ان کے بقول ٹرانسپورٹرز بے روزگار ہورہے ہیں۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔