Pakistan

ایشمل کے قتل کیخلاف مٹہ چوک، مینگورہ، مدین سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرے ،ریلیاں

ایشمل کے قتل کیخلاف مٹہ چوک، مینگورہ، مدین سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرے ،ریلیاں
۱ منٹ پہلے

سوات میں 9 سالہ ایشمل کے قتل کے واقعے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا، جہاں مٹہ چوک، مینگورہ اور مدین سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں، طلبہ، خواتین اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

 

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات مکمل کی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

 

 

مٹہ چوک میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاج

 


تحصیل مٹہ کے مرکزی مقام مٹہ چوک میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) اے کے ایل کالج مٹہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 

مظاہرے کی قیادت آئی ایس ایف اے کے ایل کالج مٹہ کے سابق صدر صادق احمد اور جنرل سیکریٹری محب اللہ خان نے کی۔

 

احتجاجی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ ایشمل کا واقعہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ انصاف، قانون کی عملداری اور معاشرے کے تحفظ کا سوال ہے۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیس کی تحقیقات شفاف انداز میں کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 

مظاہرین نے پولیس تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں قانونی پہلوؤں کو کمزور رکھا گیا ہے، جبکہ انہوں نے سوات میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

 

طلبہ رہنماؤں نے گزشتہ رات وادی شور سورپاٹو میں ملک عبدالنعیم خان کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جنہیں روکنا ضروری ہے۔

 

 

مدین میں خواتین اور شہریوں کا احتجاج، کالام روڈ بند

 


سانحہ مدین کے مقام پر بھی مقامی افراد کی جانب سے احتجاج جاری رہا۔ شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود خواتین، نوجوان اور طلبہ سڑکوں پر موجود رہے اور ایشمل کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے رہے۔

 

مظاہرین نے مدین میں کالام روڈ سور پل کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی، جس کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی۔

 

احتجاج میں شریک خواتین نے مقامی نمائندوں سے بھی ناراضی کا اظہار کیا اور ایم پی اے میاں شرافت علی کی رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاج کیا۔

 

مظاہرین کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

 

 

مینگورہ نشاط چوک میں تاجروں اور سول سوسائٹی کا مظاہرہ

 


دوسری جانب مینگورہ کے نشاط چوک میں بھی ایشمل کے حق میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تاجروں، وکلا اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

 

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کیس کو تیز رفتاری سے چلایا جائے اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

 

شرکا نے مطالبہ کیا کہ ایسے مقدمات کے لیے مؤثر عدالتی کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ مستقبل میں بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام ہوسکے۔

 

 

زازی قوم کے مشران کی ایشمل کی قبر پر حاضری

 


زازی قوم کے مشران کے ایک وفد نے بھی مدین پہنچ کر ایشمل کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور بچی کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

 

مشران نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملوث ملزم کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم ہو اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

 

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایشمل کے انصاف کے لیے آواز اس وقت تک بلند کی جاتی رہے گی جب تک واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا نہیں مل جاتی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں