واٹس ایپ گروپس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے کا فیچر بعض صارفین کے لیے غیر فعال
واٹس ایپ گروپس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرکے جواب حاصل کرنے کی سہولت بعض صارفین کے لیے کام کرنا بند ہوگئی ہے، جس کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا واٹس ایپ نے اس فیچر کو محدود کردیا ہے یا خاموشی سے ختم کر دیا ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایات کی ہیں کہ کچھ عرصہ پہلے گروپ چیٹس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے پر فوری جواب موصول ہوجاتا تھا، تاہم اب بعض گروپس میں یہ سہولت دستیاب نہیں رہی۔ ایسی شکایات فیس بک صارفین کی جانب سے بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ یا میٹا کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا گیا۔ واٹس ایپ کے ہیلپ سینٹر میں اب بھی گروپس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے کا فیچر موجود ہے اور اسے معاون سہولت کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مسئلے کی ممکنہ وجہ واٹس ایپ کی نئی چیٹ پرائیویسی سیٹنگز بھی ہو سکتی ہیں، کیونکہ بعض رازداری کی ترتیبات فعال ہونے کی صورت میں گروپ چیٹ میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے کی سہولت متاثر ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ ایپ کا پرانا ورژن استعمال کرنا، مختلف علاقوں میں فیچر کی مرحلہ وار تبدیلی یا محدود دستیابی بھی اس مسئلے کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ دعوے بھی گردش کر رہے ہیں کہ خفیہ کاری اور پرائیویسی خدشات کے باعث واٹس ایپ نے گروپس میں میٹا اے آئی ٹیگنگ کا آپشن واپس لے لیا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ معلومات کی بنیاد پر میٹا اے آئی کے گروپ ٹیگنگ فیچر کو مکمل طور پر ختم کیے جانے کی بات صرف قیاس آرائی ہے۔