Breaking News

حرمین شریفین کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان

حرمین شریفین کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان
۱ منٹ پہلے

پاکستان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب کیے گئے مبینہ حملے اور سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی مسلسل کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک گھناؤنا اور انتہائی تشویش ناک اقدام ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی شہری علاقوں اور تنصیبات پر حوثی حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

 

سجاد حیدر خان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی مکہ مکرمہ پر مبینہ حملے کی مذمت کی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رواں ہفتے مشرقی مغرب پائپ لائن پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی مسلح افواج کی جانب سے بروقت کارروائی کے ذریعے حملے کو ناکام بنانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان ہمیشہ سفارت کاری اور پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا رہا ہے۔

 

سجاد حیدر خان نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جبکہ لبنان کے وزیر خارجہ احمد حجار نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا۔

 

ترجمان کے مطابق سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے لیے پاکستان اور لبنان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

 

بھارتی بحری جہاز کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سجاد حیدر خان نے کہا کہ 15 ستمبر 2026 کو ایک بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں پاک بحریہ کے جہاز کے قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی، جو بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے پر بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں