Breaking News

انتونیو گوتریس کادورہ پاکستان کا اعلان،ایران تنازع کے حل میں کردار کی تعریف

انتونیو گوتریس کادورہ پاکستان  کا اعلان،ایران تنازع کے حل میں کردار کی تعریف
۱ منٹ پہلے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جبکہ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے حل کے لیے اسلام آباد کے سفارتی کردار کو بھی سراہا ہے۔

 

اقوام متحدہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان حکومت کی دعوت پر متوقع ہے، جس کے آئندہ ماہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی ہفتے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز انتہائی ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے امریکا اور ایران، ایران اور خلیجی ممالک سمیت ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک کے درمیان سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات ہونے چاہییں۔

 

انتونیو گوتریس نے پاکستان اور ترکیہ کو اہم ثالث قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر اور سعودی عرب بھی خطے میں سفارتی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

 

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کا دائرہ مزید پھیلتا ہے تو خلیجی ممالک کی معیشتوں کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مزید تباہ کن کشیدگی سے بچنے کے لیے سفارت کاری کے علاوہ کوئی قابلِ عمل راستہ موجود نہیں، اس لیے تمام فریقوں کو مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کرنی چاہیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں