مریم نواز نے دورۂ برطانیہ میں سرکاری طیارے کے استعمال کے 2 کروڑ 71 لاکھ جمع کرا دیے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کے نجی دورے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کا چیک سرکاری خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز کی جانب سے رقم جمع کرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری طیارے کے استعمال کے تمام اخراجات ادا کر دیے ہیں۔
حنا پرویز بٹ کے مطابق مریم نواز نے سرکاری خزانے میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے ہیں، جبکہ جمع کرایا گیا چیک آئندہ روز کیش ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے نجی دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا تھا، جہاں بعض افراد نے سرکاری وسائل کے استعمال پر سوالات اٹھائے تھے۔
مریم نواز کی جانب سے رقم جمع کرانے کے بعد سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق اخراجات کی ادائیگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔