Sports

بینک اکاؤنٹس اور دیگر تفصیلات فراہم کریں، رضوان کو سوالنامہ فراہم، کرکٹر نے جواب جمع کرا دیا

بینک اکاؤنٹس اور دیگر تفصیلات فراہم کریں، رضوان کو سوالنامہ فراہم، کرکٹر نے جواب جمع کرا دیا
۱ منٹ پہلے

قومی کرکٹر محمد رضوان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں جاری انکوائری کے معاملے میں ادارے نے انہیں پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامہ فراہم کر دیا ہے۔

 

   رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے سوالنامے کا جواب جمع کرا دیا۔

 

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے سوالنامے میں محمد رضوان سے ذاتی معلومات، مالی معاملات، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر تفصیلات سے متعلق متعدد سوالات کیے گئے ہیں۔

 

سوالنامے میں کرکٹر سے ان کی ولدیت، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش، اہلیہ کا نام اور بچوں سے متعلق معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے محمد رضوان سے گزشتہ 10 سال کے دوران استعمال کیے جانے والے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔

 

سوالنامے میں گزشتہ 5 سال کے دوران آمدن کے ذرائع سے متعلق معلومات بھی مانگی گئی ہیں، جن میں تنخواہ، کرائے سے حاصل ہونے والی آمدن، کاروباری آمدن اور زرعی آمدن شامل ہیں۔

 

این سی سی آئی اے نے بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم سے حاصل ہونے والے منافع کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ گزشتہ پانچ سال کے گھریلو اخراجات اور بچوں کے تعلیمی اخراجات سے متعلق معلومات بھی طلب کی ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے وراثتی جائیداد کی مکمل تفصیلات، جائیداد کی منتقلی کے ذرائع اور متعلقہ دستاویزی ثبوت فراہم کرنے کا کہا گیا ہے، جبکہ گزشتہ پانچ سال میں خریدی اور فروخت کی گئی جائیدادوں کی معلومات بھی سوالنامے کا حصہ ہیں۔

 

اس کے علاوہ کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی دوروں، سفر کے اخراجات اور قیام کی مدت کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، جبکہ اندرون ملک سفری ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

 

این سی سی آئی اے نے محمد رضوان سے گزشتہ پانچ سال کے تمام بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات اور اگر انہوں نے کسی فرد سے قرض لیا ہے تو اس کی مکمل معلومات فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔

 

دوسری جانب محمد رضوان کو جاری کیا گیا این سی سی آئی اے کا نوٹس بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق ادارہ پاکستان کرکٹ میں آن لائن جوئے سے متعلق انکوائری کر رہا ہے۔

 

نوٹس کے مطابق انکوائری کے سلسلے میں محمد رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مطلوب ہے۔ ادارے نے نوٹس میں کہا ہے کہ اگر کرکٹر مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئے تو اسے یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کوئی وضاحت موجود نہیں۔

 

 

 رضوان نے سوالنامے کا جواب جمع کرا دیا 

 

 

قومی کرکٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے سوالنامے کا جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس آن لائن جوئے کے معاملے سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

 

محمد رضوان نے اپنے جواب میں کہا کہ بطور کرکٹر انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی اور خدمت کی، تاہم انہیں نہ تو متعلقہ معاملے سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اس انکوائری میں ان کا مبینہ کردار کیا ہے۔

 

قومی کرکٹر کے مطابق پیشی کے دوران انہوں نے متعدد مرتبہ اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کیں، لیکن بار بار پوچھنے کے باوجود انہیں الزامات کی نوعیت، بنیاد اور متعلقہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

 

محمد رضوان نے مؤقف اختیار کیا کہ کرپشن سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ ادارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی فعال کرکٹر ہیں، اس کے باوجود مبینہ الزامات کو آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔

 

انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے اس نوعیت کے معاملے کی تحقیقات کرنا ان کے لیے قابلِ فہم نہیں، کیونکہ کرکٹ سے متعلق کرپشن یا بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات متعلقہ عالمی فورم کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں۔

 

محمد رضوان نے مطالبہ کیا کہ انہیں ان پر لگائے گئے الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ انکوائری کے عمل میں مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔

 

قومی کرکٹر نے کہا کہ اگر ان کے خلاف کوئی الزامات موجود ہیں تو معاملہ فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو بھجوایا جائے تاکہ متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں