Pakistan

سرجانی ٹاؤن کیس، ماں اور بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کے دل دہلا دینے والے انکشافات

سرجانی ٹاؤن کیس، ماں اور بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کے دل دہلا دینے والے انکشافات
۱ منٹ پہلے

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے تین بچوں کو قتل کرنے والے ملزم ہمایوں نے دورانِ تفتیش خاتون اور بچوں کو بے دردی سے مارنے کے دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ہیں، جبکہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے ملزم سے تحقیقات کے بعد واردات کے طریقہ کار، قتل کے بعد کی سرگرمیوں اور شواہد مٹانے کی کوششوں سے متعلق اہم تفصیلات بیان کی ہیں۔

 

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ملزم ہمایوں واقعے کے روز دوپہر تقریباً 2 بجے مقتولین کے گھر داخل ہوا اور شام تقریباً 6 بجے وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اس دوران چاروں افراد کو قتل کیا اور بعد ازاں جائے وقوعہ کو صاف کرنے کی کوشش کی تاکہ اہم شواہد چھپائے جا سکیں۔

 

عرفان بلوچ کے مطابق ہمایوں چنگچی رکشے کے ذریعے دانش کے گھر کے قریب پہنچا، جہاں سے وہ پیدل مقتولین کے گھر گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گھر پہنچنے سے پہلے اپنا موبائل فون بند کر دیا تھا تاکہ اس کی نقل و حرکت کا ریکارڈ سامنے نہ آسکے۔

 

ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ پولیس تفتیش کے مطابق ملزم ہمایوں مقتولہ پر بری نظر رکھتا تھا اور اس نے قتل سے قبل خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش بھی کی۔ ان کے مطابق اسی دوران جب 18 ماہ کی بچی رونے لگی تو ملزم نے مبینہ طور پر اسے اٹھا کر دیوار پر دے مارا، جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہوگئی۔

 

انہوں نے بتایا کہ سہ پہر تقریباً 3 بجے مدرسے سے واپس آنے والے دونوں بچے بھی گھر پہنچے۔ پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں، جو رشتے میں بچوں کا پھوپھا لگتا ہے، نے خود دروازہ کھولا، بچوں کو اندر آنے دیا اور بعد ازاں انہیں بھی قتل کر دیا۔

 

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم نے چاروں افراد کو قتل کرنے کے لیے سریے کا استعمال کیا۔ واردات کے بعد ملزم نے آلہ قتل کو گھر کے واش روم میں دھویا، خود کو بھی صاف کیا، کپڑے تبدیل کیے اور شام 6 بجے گھر سے فرار ہوگیا۔

 

عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ ملزم نے جائے وقوعہ کو اس انداز میں صاف کرنے کی کوشش کی کہ واقعہ چوری کی واردات محسوس ہو اور اصل حقیقت چھپ جائے، تاہم پولیس نے جائے وقوعہ اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزم تک رسائی حاصل کرلی۔

 

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم ہمایوں نیو کراچی کا رہائشی ہے۔ سرجانی ٹاؤن سے نکلنے کے بعد وہ اپنے گھر کی طرف روانہ ہوا اور راستے میں آلہ قتل سریا ایک نالے میں پھینک دیا۔

 

پولیس حکام کے مطابق جب ملزم اپنے گھر پہنچا تو اس کی اہلیہ نے اسے بتایا کہ بھابی اور تین بچوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اس وقت بھی واقعے سے لاعلمی ظاہر کرنے کی کوشش کی، تاہم تحقیقات کے دوران شواہد اس تک پہنچ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قتل کے دیگر پہلوؤں اور دستیاب شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں