Breaking News

دکانیں اور مالز رات 9 بجے بند، بیرونِ ملک دوروں پر 3 ماہ کی پابندی، نوٹیفکیشن جاری

دکانیں اور مالز رات 9 بجے بند، بیرونِ ملک دوروں پر 3 ماہ کی پابندی، نوٹیفکیشن جاری
۱ منٹ پہلے

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر کفایت شعاری مہم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سرکاری اخراجات میں کمی اور توانائی کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری مہم تین ماہ تک جاری رہے گی، جس دوران تجارتی سرگرمیوں، سرکاری دوروں، گاڑیوں کے استعمال اور خریداری سے متعلق نئی پابندیاں نافذ رہیں گی۔

 

حکومتی فیصلے کے مطابق دوکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند کیے جائیں گے۔

 

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو رات 11 بجے کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ شادی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔

 

حکومت نے فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، تندور، پیٹرول پمپس، بیکریز، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم سمیت ضروری شعبوں کو اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

 

سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے بیرون ملک سرکاری دوروں پر بھی تین ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم ناگزیر دوروں کی صورت میں وزرا، مشیران اور سرکاری افسران کو اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔

 

حکومت نے سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے اعزاز میں دیے جانے والے عشائیوں کے علاوہ دیگر سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کے خرچ پر ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ ناگزیر تقریبات کے لیے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کی جائیں گی، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی۔ تاہم مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری سروسز اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اقسام کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ آئی ٹی آلات کے علاوہ دیگر تمام پائیدار اشیا کی خریداری بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

 

حکومت نے مالی سال 2026-27 کے نان ایمپلائز ریلیٹڈ اخراجات میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے، جو ماہانہ بنیادوں پر پورے مالی سال کے دوران نافذ رہے گی۔ یہ کمی غیر ملکی مشنز، پیشہ ورانہ گروپس اور سروسز پر بھی لاگو ہوگی۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری اقدامات سے استثنیٰ کی درخواستیں کیس ٹو کیس بنیاد پر زیر غور لائی جائیں گی، جبکہ صوبائی اور علاقائی حکومتوں کو بھی اسی نوعیت کے اقدامات اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں