Breaking News

آزاد کشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس، تعلیمی پیکیج 2026 کے جائزے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم

آزاد کشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس، تعلیمی پیکیج 2026 کے جائزے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت آزاد کشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف حکومتی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ تعلیمی پیکیج 2026 پر ازسرنو غور کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

 

تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزراء وقار احمد نور، اظہر صادق اور عمیر نعیم شامل ہوں گے، جو تعلیمی پیکیج 2026 کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کریں گے۔

 

اجلاس کے دوران کابینہ کو ٹیچر ریکروٹمنٹ پالیسی سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ آسان کاروبار ایکٹ 2026 کے حوالے سے بھی ارکان کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اور بیوروکریسی کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ عوام کی بہتر نمائندگی سیاسی قیادت ہی کر سکتی ہے۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ قانون کے مطابق قواعد میں ترامیم کریں، جبکہ سرکاری بھرتیاں صرف اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر تھرڈ پارٹی نظام کے ذریعے کی جائیں۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شکایات پورٹل فعال ہونے تک وزیراعظم آفس میں عوامی شکایات کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے۔ ان کے مطابق بہتر حکمرانی کے لیے صرف مالی وسائل کافی نہیں بلکہ رویوں اور کام کرنے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی ضروری ہے۔

 

افتخار گیلانی نے کہا کہ گورننس کے نظام کو ہر صورت بہتر بنانا ہوگا، جبکہ جو افراد حکومتی وژن کے مطابق کام نہیں کریں گے وہ ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے وژن کے مطابق کام کرے گی۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ضلعی انتظامیہ کو بھی عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کا حق متاثر نہیں ہونا چاہیے، جبکہ عوام کی زمینوں سمیت دیگر معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات دیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں