تیل کمپنیوں کا پیٹرول اور ڈیزل پر منافع بڑھانے کا مطالبہ
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل پر اپنا مارجن بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے ذریعے اوگرا سے رجوع کرلیا ہے۔
او سی اے سی نے اوگرا کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیرِ التواء پرائس کلیمز کی ادائیگی اور مارجن میں اضافے پر فوری عملدرآمد کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے تقریباً 66 ارب روپے کے پرائس کلیمز تاحال زیرِ التواء ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرکے واجبات ادا کیے جائیں۔
او سی اے سی کے مطابق مارچ 2026 سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کلیمز زیرِ التواء ہیں، جس کے باعث کمپنیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ کونسل نے مطالبہ کیا کہ ان واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کا فیصلہ ستمبر 2023 میں کیا گیا تھا، تاہم اس پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 1 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافے کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔
او سی اے سی کے مطابق حال ہی میں پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے پر عملدرآمد کردیا گیا ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے منظور کیے گئے 1 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافے کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔