Breaking News

اسلام آباد ہاتھ لگانے نہیں،ریلیف لینے آ رہے ہیں،لیوی ختم کرو،نعیم الرحمٰن

اسلام آباد ہاتھ لگانے نہیں،ریلیف لینے آ رہے ہیں،لیوی ختم کرو،نعیم الرحمٰن
۱ منٹ پہلے

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی بدحالی کسی بھی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، جبکہ حکومت جماعت اسلامی کے پُرامن احتجاج کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔اسلام آباد ہاتھ لگانے نہیں ریلیف لینے آرہے ہیں،ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ لیوی ختم کرو۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پیکیج کے نام پر ریلیف دینے کے بجائے عوام کو پٹرول پمپس پر ایک دوسرے سے الجھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے بعد کئی ممالک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، تاہم پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ رہا۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے اپنے مقررہ اہداف سے بھی زیادہ پٹرولیم لیوی وصول کرلی ہے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کو بنیاد بنا کر مزید آمدن حاصل کرنے کے لیے پٹرول مہنگا کیا گیا، جس کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔

 

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں، اس لیے ان کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال میں کسی بھی معاہدے کو معطل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو گیس پیدا نہیں ہو رہی، عوام اس کے اخراجات بھی برداشت کر رہے ہیں۔

 

امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر اقدامات کیے جائیں، عوام کے لیے روٹی سستی کی جائے اور موجودہ حالات میں لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے۔

 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کے پُرامن احتجاج کو کم اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو 20 ستمبر کو لاہور سے روانہ ہوگا اور دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں لوگ مارچ میں شریک ہوں گے اور یہ ایک بڑا احتجاج ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق وہ مردان اور پشاور میں دھرنوں میں شرکت کے لیے بھی جا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری کے دفاع کے لیے پاکستان ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں