جنیوا میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر احتجاج
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کو درپیش مسائل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے، جس میں یورپ کے مختلف ممالک سے کشمیری اور پاکستانی برادری کے افراد شریک ہو رہے ہیں۔
مظاہرے میں شرکت کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس سے انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد اقبال ہاشمی کی قیادت میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کا بڑا قافلہ جنیوا پہنچا۔
پیرس سے روانہ ہونے والے قافلے میں خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوانوں سمیت کشمیری و پاکستانی برادری کے افراد بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ شرکاء خصوصی بسوں کے ذریعے جنیوا پہنچے، جہاں انہوں نے کشمیر سے متعلق پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق سے متعلق خدشات اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے معاملے کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق احتجاج کے ذریعے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد اقبال ہاشمی کی قیادت میں آنے والے شرکاء کا کہنا ہے کہ وہ جنیوا میں کشمیر سے متعلق اپنے مطالبات عالمی اداروں تک پہنچانے کے لیے بھرپور آواز بلند کریں گے۔
فورم کے رہنماؤں کے مطابق جنیوا میں ہونے والا احتجاج عالمی سطح پر کشمیر کے معاملے کو اجاگر کرنے اور عالمی اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کی جانب متوجہ کرنے کی کوشش ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ مظاہرے میں یورپ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہیں۔
مظاہرین اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر کے سامنے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے معاملے پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔