قومی پہلوان انعام بٹ کی ایشین گیمز میں شرکت کی تصدیق
قومی پہلوان محمد انعام بٹ کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے ان کی ایشین گیمز میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد انعام بٹ اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے درمیان ہونے والے معاملات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ انعام بٹ پر عائد دو ماہ کی پابندی 19 جولائی سے 18 ستمبر 2026 تک جاری رہی، جو اب مکمل ہو چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے ان کے خلاف کسی مالی جرمانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ حکام نے تسلیم کیا کہ نمونے میں سامنے آنے والی دوا طبی ضرورت کے تحت استعمال کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق محمد انعام بٹ کی جانب سے فراہم کی گئی طبی دستاویزات کو بھی قبول کر لیا گیا ہے، جبکہ انہیں متعلقہ دوا مزید ایک سال تک استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تاہم ایشین بیچ گیمز میں ان کا سابقہ نتیجہ منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث حاصل کیا گیا چاندی کا تمغہ بھی واپس لے لیا گیا۔
دوسری جانب محمد انعام بٹ اب ایشین گیمز میں کوچ کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ وہ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری بھی ہیں اور اپنی دیگر تمام تنظیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔