Sports

سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز، یہ کرکٹ کے مستقبل کی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے،محسن نقوی

سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز، یہ کرکٹ کے مستقبل کی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے،محسن نقوی
۱۹ گھنٹے پہلے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکول کرکٹ ملک میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور قومی کرکٹ کے مستقبل کی بنیاد ثابت ہو سکتی ہے۔

 

قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی کے سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک بھر کے 1400 سکول شامل ہو چکے ہیں، جبکہ رواں سال اس پروگرام کے تحت 21 ہزار طلبہ حصہ لیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تقریباً 2900 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ 1400سکولوں میں سے بہترین 50 ٹیموں کا انتخاب کر کے پی سی بی ان کی سرپرستی کرے گا۔

 

چیئرمین پی سی بی کے مطابق منتخب اسکولوں کے کھلاڑیوں کی تربیت، فٹنس اور غذائیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ 21 ہزار نوجوان کرکٹرز کی انفرادی کارکردگی بھی مسلسل مانیٹر کی جائے گی۔

 

محسن نقوی نے بتایا کہ سکول کرکٹ کے لیے الگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد صرف سالانہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام چلانا نہیں بلکہ اسکول کرکٹ کو ایک مستقل نظام کے طور پر قائم کرنا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پروگرام میں گوادر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ پی سی بی اکیڈمی میں تقریباً 25 کھلاڑیوں کی تربیت پر کام جاری ہے۔

 

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مستقبل میں اسکولوں کی تعداد 1400 سے بڑھا کر 2000 تک لے جانے کا منصوبہ ہے، جبکہ طویل المدتی ہدف اسکول کرکٹ کو 3000 سے 5000 سکولوں تک پھیلانا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اصل مسئلہ کھلاڑیوں کو سہولیات اور مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اسکول کرکٹ کی بہتر کوریج سے ملک کے دور دراز علاقوں سے بھی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

 

محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی کے تقریباً 70 گراؤنڈز دوبارہ بورڈ کے پاس آ چکے ہیں، جبکہ حیدرآباد اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اسکول کرکٹ پروگرام کی کامیابی کے لیے پی سی بی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ تعاون ضروری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں