کرینہ کی نئی فلم ’دائرہ‘ زیادہ توجہ حاصل نہ کر سکی، کمائی بھی کم رہی
بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پرتھوی راج سوکومارن کی نئی فلم ’دائرہ‘ ریلیز کے پہلے روز شائقین کی بڑی توجہ حاصل نہ کر سکی۔
میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی کرائم تھرلر فلم نے باکس آفس پر سست آغاز کیا، جہاں ابتدائی دن کی کمائی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔
فلم کی کہانی دو پولیس افسران کے گرد گھومتی ہے، جو ایک ریپ اور قتل کے مقدمے سے متعلق متنازع پولیس مقابلے کے بعد شدید اخلاقی کشمکش کا شکار ہو جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے بھارت میں پہلے روز تقریباً 85 لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔ فلم کو ہندی اور ملیالم دونوں زبانوں میں ریلیز کیا گیا، تاہم کمائی کا بڑا حصہ ہندی ورژن سے حاصل ہوا۔
پہلے دن کی مجموعی آمدن میں سے تقریباً 82 لاکھ روپے ہندی ورژن نے کمائے، جبکہ ملیالم ورژن صرف 3 لاکھ روپے تک محدود رہا۔
کرینہ کپور خان کے حالیہ فلمی کیریئر میں یہ ان کی کمزور ترین ابتدائی اوپننگز میں شامل ہے۔ اس سے قبل ہنسل مہتا کی 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی بکنگھم مرڈرز‘ نے پہلے روز بھارت میں 1.15 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔