حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز
جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے عوام کو فوری ریلیف دینے اور لیوی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگیا، جماعتِ اسلامی کے کارکن ٹرین کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک بھر سے کارکن اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے ہیں، کوئی رکاوٹ انہیں نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج مزید بڑھے گا اور کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ احتجاج حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہوجائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شدید گرمی میں احتجاج کرنا ان کا شوق نہیں، حکومت عوام کو ریلیف نہ دے کر لوگوں کو احتجاج پر مجبور کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کا پہلا پڑاؤ حیدرآباد میں ہوگا اور وہ اپنی جماعت یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے لیے اسلام آباد جارہے ہیں۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی کا بہانہ بنا کر قیمتیں بڑھائیں، حکومت اس فیصلے کی ذمہ داری لے اور لیوی ٹیکس ختم کرے۔