Sports

پاکستان انڈر 19 کرکٹرز کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

پاکستان انڈر 19 کرکٹرز کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، جس میں نوجوان کرکٹرز کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، ان سے انفرادی طور پر گفتگو کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کھلاڑیوں کو مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ترغیب دیں گے، جبکہ اچھی کارکردگی کا باقاعدہ صلہ ملنے سے ان کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

 

انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو سال کے دوران ہونے والے ترقیاتی کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئے اور ان کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے۔ ان کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس ملنے کا فیصلہ پوری ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

 

عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کرکٹرز کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا، جس سے وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔

 

جہانگیر بلال کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے خاندان کی مالی معاونت بھی بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

 

رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک بڑی حوصلہ افزائی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں