Sports

معاذ صداقت کی سی پی ایل میں دوسری سنچری،فائنل میں 114 رنز کی طوفانی اننگز

معاذ صداقت کی سی پی ایل میں دوسری سنچری،فائنل میں 114 رنز کی طوفانی اننگز
۱ منٹ پہلے

معاذ صداقت نے سی پی ایل میں دوسری سنچری بنا دی، نوجوان پاکستانی بیٹر نے فائنل میں بھی طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیل ڈالی۔

 

21 سالہ بائیں ہاتھ کے اوپنر معاذ صداقت نے جمیکا کنگز مین کی نمائندگی کرتے ہوئے اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کے خلاف فائنل میں صرف 58 گیندوں پر 114 رنز بنا ڈالے۔ ان کی جارحانہ اننگز میں 8 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

 

معاذ کی دھواں دار بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جمیکا کنگز مین نے مقررہ اوورز میں 170 رنز بنائے، جن میں سے 114 رنز اکیلے معاذ صداقت کے تھے۔ صائم ایوب نے 29 رنز بنائے جبکہ ٹیم کے دیگر بیٹرز مجموعی طور پر 44 رنز ہی بنا سکے۔

 

فائنل میں سنچری کے ساتھ معاذ صداقت نے ایک اور اہم اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ وہ کسی بڑی ٹی20 لیگ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔

 

معاذ کے لیے سی پی ایل کا ناک آؤٹ مرحلہ غیر معمولی ثابت ہوا۔ فائنل سے صرف تین روز قبل، 17 ستمبر کو بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں بھی انہوں نے سنچری سکور کی تھی۔

 

اس میچ میں معاذ نے صرف 44 گیندوں پر 112 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی اور 21 سال اور 124 دن کی عمر میں سی پی ایل کی تاریخ کے کم عمر ترین سنچری میکر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

 

یوں صرف تین دن کے اندر معاذ صداقت نے ناک آؤٹ مرحلے کے دو بڑے میچز میں دو سنچریاں سکور کردیں۔

 

تاہم معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ جمیکا کنگز مین کو چیمپئن نہ بنا سکی۔ 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔

 

فالکنز کی فتح میں پاکستانی بولر صفیان مقیم نے بھی اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عامر جنگو نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

یوں سی پی ایل کی ٹرافی اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کے نام رہی، لیکن فائنل میں معاذ صداقت کی 114 رنز کی اننگز اور چند روز کے اندر دو سنچریاں نوجوان پاکستانی کرکٹر کی شاندار کارکردگی کا نمایاں حصہ بن گئیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں