بگ باس 9 میں شرکت کیلئے ریئلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘میں شرکت کی شرط رکھی تھی،نورا
کینیڈین گلوکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2015 میں سلمان خان کے شو ’بگ باس 9‘ میں شرکت کی پیشکش ایک خاص شرط کے ساتھ قبول کی تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نورا فتیحی نے بتایا کہ ’بگ باس 9‘ کی پیشکش کے وقت وہ مالی مشکلات سے دوچار تھیں۔ ان کے مطابق وہ اس سے قبل متعدد گانوں میں کام کرچکی تھیں، لیکن انہیں ان منصوبوں کا معاوضہ نہیں مل رہا تھا۔
نورا فتیحی نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے ’بگ باس‘ میں شرکت سے انکار کردیا تھا، تاہم جب شو کی انتظامیہ نے انہیں معاوضے کی پیشکش کی تو انہوں نے پروگرام کا حصہ بننے پر رضامندی ظاہر کردی۔
اداکارہ کے مطابق ان کی اصل خواہش اسی چینل کے ڈانس ریئلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں شرکت کرنا تھی۔ اسی وجہ سے انہوں نے ’بگ باس‘ میں شامل ہونے کے بدلے ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی موقع دینے کی شرط رکھی۔
نورا فتیحی کے مطابق پروڈیوسرز نے ان کی شرط قبول کرلی، جس کے بعد انہوں نے ’بگ باس 9‘ میں شرکت کی اور بعد ازاں انہیں ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ نورا فتیحی نے ’بگ باس 9‘ میں وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شرکت کی تھی۔
دوسری جانب نورا فتیحی کے آئندہ منصوبوں میں رجنی کانت کی فلم ’جیلر 2‘ میں خصوصی ڈانس نمبر بھی شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
نورا فتیحی رواں سال ’سلے ٹو دی ردھم‘ کے علاوہ بادشاہ کے ساتھ ’ساجن رے‘ بھی ریلیز کرچکی ہیں۔