خواتین کی تصاویر جعلی ویڈیوز میں استعمال کرنے پر سخت کارروائی کی جائے،جنت مرزا
پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر جنت مرزا نے خواتین کی تصاویر اور چہروں کو ان کی اجازت کے بغیر جعلی اور گمراہ کن ویڈیوز میں استعمال کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جنت مرزا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مبینہ طور پر ان کے چہرے کو ایک مرد کے ساتھ جعلی ویڈیو بنانے کے لیے استعمال کیا گیا، جس کے لیے ان سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس نوعیت کا مواد کسی بھی خاتون کی عزت اور وقار کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی ویڈیوز کو تفریح یا مذاق سمجھنا درست نہیں۔ کسی شخص کا چہرہ اس کی مرضی کے بغیر استعمال کرکے گمراہ کن مواد تیار کرنا انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر ان کا چہرہ استعمال ہوا ہے تو مستقبل میں کسی بھی لڑکی کو اسی طرح نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
جنت مرزا نے کہا کہ وہ خود سوشل میڈیا پر متحرک ہیں، اس کے باوجود ایسی ویڈیو سامنے آنے پر انہیں شدید بے چینی محسوس ہوئی۔ انہوں نے ان خواتین کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی جو سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتیں لیکن ان کی تصاویر ان کے علم کے بغیر غلط مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو شاید کبھی یہ معلوم بھی نہ ہوسکے کہ ان کی تصاویر یا چہرے کو جعلی مواد میں استعمال کیا گیا ہے، اس لیے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
جنت مرزا کے مؤقف پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ردعمل دیتے ہوئے ان کی جانب سے اس مسئلے کو اجاگر کرنے کو سراہا۔