پی سی بی کا محمد رضوان کو میڈیا سے گفتگو کرنے کی اجازت دینے سے انکار
محمد رضوان لارڈز ٹیسٹ کے بعد پیش آنے والے معاملے اور اپنے خلاف سامنے آنے والے الزامات پر میڈیا کے ذریعے وضاحت دینا چاہتے تھے، تاہم ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں دی۔
محمد رضوان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹر نے پی سی بی سے میڈیا ٹاک کی اجازت طلب کی تھی، لیکن بورڈ کی جانب سے دونوں مرتبہ ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اس معاملے سے متعلق اپنی جانب کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے رکھنا چاہتے تھے۔ وہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد موبائل فون لیے جانے کے واقعے کی تفصیلات میڈیا کو بتانے کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات پر بھی وضاحت پیش کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان آئی سی سی کو بھیجے گئے خط کے حوالے سے بھی اپنا مؤقف سامنے لانا چاہتے تھے اور اس خط میں موجود تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
محمد رضوان نے مبینہ طور پر سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کو مدنظر رکھتے ہوئے شق 16 کے تحت میڈیا سے گفتگو کی اجازت مانگی تھی۔
واضح رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کے مطابق کھلاڑی پی سی بی کی اجازت کے بغیر عوامی بیان نہیں دے سکتا، جبکہ شق 16 میں بورڈ اور کھلاڑی کے درمیان باہمی تعاون کی شرط شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے دونوں مرتبہ بورڈ سے اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں میڈیا سے گفتگو کا موقع نہیں مل سکا۔