Breaking News

متحدہ عرب امارات کی ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش

متحدہ عرب امارات کی ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش
۲ گھنٹے پہلے

متحدہ عرب امارات نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے براہِ راست مذاکرات پر زور دیا ہے۔

 

یو اے ای کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے سفارت کاری کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے ساتھ ساتھ ایران اور عرب ممالک کے درمیان بھی براہِ راست رابطہ ہونا چاہیے تاکہ خطے کے مستقبل، سلامتی، استحکام اور ترقی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی جاسکے۔

 

انور قرقاش نے خبردار کیا کہ موجودہ تنازع طویل شکل اختیار کرسکتا ہے، خصوصاً یمن میں کشیدگی، معاشی پابندیوں اور دیگر پیچیدگیوں کے باعث۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بحران سے نکلنے کا راستہ بالآخر سفارت کاری ہی سے نکلے گا۔

 

یو اے ای کے صدارتی مشیر کے مطابق اب خطے میں سفارتی کوششوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے اور ایران و عرب ممالک کے درمیان براہِ راست بات چیت علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

 

انور قرقاش نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات اس سے قبل بھی واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطے کے لیے اپنا کردار ادا کرچکا ہے۔ ان کے مطابق مارچ 2025 میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خط ایرانی حکام تک پہنچایا تھا اور اس وقت بھی تہران کو واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست بات چیت کا مشورہ دیا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کا یہ مؤقف اب بھی برقرار ہے اور موجودہ حالات میں بھی براہِ راست مذاکرات کی ضرورت ہے۔

 

انور قرقاش کے مطابق ایران کے ساتھ موجودہ بحران کو ختم کرنے کے لیے سفارتی راستے تلاش کرنا ضروری ہے، جبکہ تہران اور عرب ممالک کے درمیان براہِ راست رابطہ مستقبل میں خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے ایک نئی بنیاد فراہم کرسکتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں