وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پیر کے روز پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ایئرپورٹ پر اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا استقبال کیا۔ جس کے بعد محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافے اور ایران پر ممکنہ نئے امریکی حملے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محسن نقوی کے دورۂ تہران کا ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کے تبادلے سے تعلق نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ محسن نقوی کے دورے میں ایران امریکا معاملات زیر بحث نہیں ہوں گے اور بات چیت کا محور پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی ایران کے لیے کوئی پیغام لے کر نہیں گئے اور نہ ہی ایران ان کے ذریعے امریکا کو کوئی پیغام بھیجے گا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران کی جانب سے امریکا کے سامنے 7 شرائط پہلے ہی واضح طور پر پیش کی جاچکی ہیں اور ان شرائط سے متعلق ایرانی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
پاکستان کی جانب سے اس سے قبل ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے سفارتی کوششیں بھی کی گئی تھیں۔ جون میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جس کے بعد حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کیے گئے تھے، تاہم بعد میں سیکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں آزادانہ آمدورفت کے معاملات پر اختلافات کے باعث مذاکرات آگے نہ بڑھ سکے۔