اسرائیل غزہ جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزی کر رہا ہے،اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین کے مسئلے کو مسلم امہ کے اجتماعی شعور کا بنیادی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں بھی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر او آئی سی کی چھ رکنی فلسطین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیٹی پر فلسطینی عوام کے حق میں سیاسی اور سفارتی حمایت کو متحرک کرنے کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ کی موجودہ صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ او آئی سی کے مطابق کمیٹی کا اجلاس فلسطینی کاز کے لیے سفارتی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے مقصد سے منعقد ہوا۔
نائب وزیراعظم نے غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور امن کی کوششیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان اس سے قبل بھی او آئی سی سمیت مختلف عالمی فورمز پر فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کا اظہار کرچکا ہے۔