Breaking News

عالمی برادری کااقوام متحدہ پر اعتماد عملی طور پر ختم ہو چکا،عباس عراقچی

عالمی برادری کااقوام متحدہ پر اعتماد عملی طور پر ختم ہو چکا،عباس عراقچی
۱ منٹ پہلے

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کا اس عالمی ادارے پر اعتماد کم ہوتے ہوتے عملی طور پر ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے کے بعد ایرانی صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔

 

عراقچی کا کہنا تھا کہ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب حالات عملی طور پر اب بھی جنگ کی کیفیت میں ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی اولین ترجیح اقوام متحدہ جیسے بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے مؤقف، حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے استعمال کرنا ہے۔

 

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں برس جنرل اسمبلی کا اجلاس ’’اعتماد کی بحالی‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہورہا ہے، جو ان کے بقول اس بات کا اعتراف ہے کہ عالمی امن و سلامتی کے مؤثر قیام میں ناکامی کے باعث اقوام متحدہ پر اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کا باضابطہ موضوع “Restoring Trust, Managing Transformation: A United Nations That Delivers for All” ہے۔

 

عراقچی نے الزام عائد کیا کہ بعض ممالک خود کو بین الاقوامی قوانین اور اداروں سے بالاتر سمجھتے ہوئے اپنی مرضی سے اقدامات کرتے ہیں اور اپنے ساتھ اپنے اتحادیوں کے لیے بھی استثنیٰ کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسی صورتحال نے بین الاقوامی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

 

انہوں نے اسرائیل کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسے اپنی مرضی کے اقدامات کی کھلی آزادی حاصل ہے، جبکہ مغربی اور یورپی ممالک، جو خود کو انسانی حقوق اور انسانی قوانین کا حامی قرار دیتے ہیں، اس کے اقدامات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

 

عباس عراقچی پیر کو ایک اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے نیویارک پہنچے، جہاں جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ان کی مختلف سفارتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں