Sports

وائٹ بال کرکٹ میں بھارتی معیار تک پہنچنا ہدف ہے، مائیک ہیسن

وائٹ بال کرکٹ میں بھارتی معیار تک پہنچنا ہدف ہے، مائیک ہیسن
۱ منٹ پہلے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی عدم موجودگی کے باوجود ایشین گیمز کے لیے منتخب پاکستانی اسکواڈ متوازن اور جارحانہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔

 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ایشین گیمز صاحبزادہ فرحان کے لیے قیادت کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، تاہم مستقبل میں کپتانی سے متعلق فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی چیئرمین کریں گے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایشین گیمز کے لیے موجودہ اسکواڈ کا انتخاب اولمپک قوانین کے تحت 5 ماہ پہلے مقرر کی گئی 30 کھلاڑیوں کی فہرست میں سے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی غیر موجودگی کے باوجود ٹیم میں توازن اور جارحانہ انداز موجود ہے۔

 

مائیک ہیسن کے مطابق ایشین گیمز نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

 

ہیڈ کوچ نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی کارکردگی دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آٹھویں سے پانچویں نمبر تک پہنچی ہے جبکہ پوائنٹس میں بھی 30 درجے بہتری آئی ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ جذباتی تبصروں کے بجائے حقائق کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔

 

انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں اس وقت بھارت ایک معیار کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کا ہدف اس معیار تک پہنچنا ہے۔ اگر ایشین گیمز کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوا تو قومی ٹیم بھارتی ٹیم پر بھرپور دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے گی۔

 

ہیڈ کوچ نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو فائنل تک پہنچنے کے لیے کئی مراحل سے گزرنا ہوگا، اس لیے ابھی سے کسی ممکنہ مقابلے کے بارے میں حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔

 

انہوں نے گزشتہ ایشیا کپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے علاوہ تمام میچز میں کامیابی حاصل کی اور فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

 

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے کل شام جاپان کے شہر ناگویا روانہ ہوگی۔ کھلاڑیوں کو مختلف پچز اور موسمی حالات کے مطابق تیار کرنے کے لیے گزشتہ تین روز سے بھرپور ٹریننگ بھی کروائی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں