موٹروے ایم ون، ایم 14 اور جی ٹی روڈ بند، شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت
اسلام آباد سے پشاور جانے والی موٹروے ایم ون، ہکلہ سے کنڈل تک موٹروے ایم 14 اور اٹک خورد کے مقام پر جی ٹی روڈ این 5 کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موٹروے ایم ون پر اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 کو بھی ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ، داؤد خیل، کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کی تازہ صورتحال اور جاری کردہ ایڈوائزری کو ضرور دیکھیں اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب موٹروے ایم 2 لاہور سے اسلام آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہے، تاہم بڑی گاڑیوں اور کارگو وہیکلز کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق آج سے موٹروے ایم 2 پر لاہور سے آنے والی بڑی گاڑیوں اور کارگو گاڑیوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 14 کو آج شام سے ہکلہ تا کنڈل ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا، جبکہ جی ٹی روڈ این 5 کو بھی اٹک خورد کے مقام پر آج شام سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق پشاور جانے والی موٹروے ایم ون آج رات 11 بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
موٹروے پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو ایم ون پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔