Breaking News

قطر کے ذریعے امریکا کو اپنی شرائط پیش کر دیں، بقائی؛ بات چیت تعمیری رہی، وٹکوف

قطر کے ذریعے امریکا کو اپنی شرائط پیش کر دیں، بقائی؛ بات چیت تعمیری رہی، وٹکوف
۱ منٹ پہلے

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان ہونے والا رابطہ قطر کی ثالثی کے ذریعے ہوا، جس میں تہران کی جانب سے اپنی شرائط پیش کی گئیں۔

 

بی بی سی فارسی کے مطابق اسماعیل بقائی نے بدھ کو بتایا کہ اس رابطے کا مقصد امریکی فریق کو ایران کے مطالبات اور شرائط سے آگاہ کرنا تھا۔

 

ایرانی ترجمان کے مطابق ایران کی اہم شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، امریکا کی جانب سے جارحانہ اقدامات کا خاتمہ، بحری محاصرے کا خاتمہ، معاشی دباؤ ختم کرنا اور ایرانی اثاثوں کو غیر منجمد کرنا شامل ہیں۔

 

دوسری جانب امریکا کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ثالثوں کے ذریعے ایرانی وفد کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے۔

 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ ثالث پورے دن دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی منتقلی کا کردار ادا کرتے رہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا ایک مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا ہے اور امید ہے کہ یہ بات چیت تعمیری اور مثبت نتائج کی جانب پیش رفت ثابت ہوگی۔

 

امریکی خصوصی ایلچی نے کہا کہ ثالثی کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

 

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ منگل کے روز امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔

 

ٹرمپ نے اس رابطے کو "بہت اچھی اور نتیجہ خیز ملاقات" قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس میں امریکا اور ایران کی جانب سے کون کون سے نمائندے شریک تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں