Breaking News

وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں صحت، زراعت، ڈیجیٹلائزیشن اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹل نظام کی بہتری اور مالی شمولیت کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

بیان کے مطابق بل گیٹس نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے دنیا سے پولیو کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔

 

شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کو پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا اور صحت عامہ، زرعی ترقی، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔

 

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں