Pakistan

پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان

پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان
۱ منٹ پہلے

پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، جہاں مختلف بورڈز میں طلبہ کی کامیابی کی شرح میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔

 

لاہور بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مجموعی کامیابی کی شرح 65 فیصد رہی۔ امتحانات میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد امیدوار کامیاب قرار پائے۔

 

لاہور بورڈ میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 75 فیصد جبکہ طلبہ کی کامیابی کی شرح 51 فیصد رہی۔ گروپس کے لحاظ سے پری میڈیکل میں کامیابی کی شرح 83 فیصد، پری انجینئرنگ میں 79 فیصد جبکہ جنرل سائنس گروپ میں 63 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔

 

بہاولپور تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کے مطابق کامیابی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کا تناسب 59.92 فیصد رہا، جو گزشتہ تین سالوں کی کم ترین سطح ہے۔

 

بہاولپور بورڈ میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 طلبہ نے امتحانات دیے، جن میں سے 36 ہزار 304 امیدوار کامیاب جبکہ 24 ہزار 288 طلبہ ناکام رہے۔

 

اعداد و شمار کے مطابق بہاولپور بورڈ میں کامیابی کی شرح 2025 میں 63.53 فیصد جبکہ 2024 میں 60.16 فیصد رہی تھی۔

 

دوسری جانب ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات 2026 میں مجموعی طور پر 59 ہزار 243 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 43 ہزار 332 طلبہ کامیاب قرار پائے۔

 

ڈی جی خان بورڈ میں کامیابی کا مجموعی تناسب 73.14 فیصد رہا، جہاں طالبات نے 82.55 فیصد جبکہ طلبہ نے 63.85 فیصد کامیابی حاصل کی۔

 

فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج جاری کردیئے، جہاں طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 

فیصل آباد بورڈ میں پہلی سات پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں، جبکہ امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 71 فیصد سے زائد رہی۔

 

بورڈ کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 9 ہزار 245 طلبہ نے حصہ لیا، جن میں سے 77 ہزار 708 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں