نیتن یاہو فلسطینی عوام کی ہولناک نسل کشی کے ذمہ دار ہیں، ظہران ممدانی
امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان غزہ جنگ کے معاملے پر بیان بازی میں شدت آگئی ہے، جہاں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے پر سخت الزامات عائد کیے ہیں۔
ظہران ممدانی نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ’’جنگی مجرم‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف ہولناک نسل کشی کے ذمہ دار ہیں۔
یہ بیان نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل سامنے آیا۔
ظہران ممدانی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے نیتن یاہو نے نیویارک کے میئر پر حماس کی حمایت کرنے اور نیویارک میں یہودی برادری کے خلاف احتجاج کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اسرائیلی فوجیوں کے حوالے سے اپنا مؤقف اور حقائق پیش کریں گے، جبکہ ظہران ممدانی کے بارے میں بھی بات کریں گے۔
نیتن یاہو نے نیویارک کے میئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی حمایت اور نیویارک کے یہودیوں کے خلاف ہونے والے احتجاج پر انہیں شرمندہ ہونا چاہیے۔