افغان طالبان کے پاکستانی فضائی حدود میں بھیجے گئے 8 ڈرونز مار گرادیئے گئے
سکیورٹی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو افواج پاکستان کے فعال ایئر ڈیفنس سسٹم نے نشانہ بنا کر مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کی دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشتگرد عناصر کی مبینہ معاونت اور سرپرستی سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دیتی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سے قبل گزشتہ رات کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق افواج پاکستان ملک اور شہریوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔