Sports

ابرار احمد نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر، راشد خان سے پہلی پوزیشن چھین لی

ابرار احمد نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر، راشد خان سے پہلی پوزیشن چھین لی
۱ منٹ پہلے

پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

 

ابرار احمد نے افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں نمبر ون مقام اپنے نام کرلیا۔ راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود تھے، تاہم ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے وہ اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

 

ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بولر بننے والے پاکستان کے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

 

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے محمد نواز آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

 

دوسری جانب انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے 47 درجے ترقی کی اور اپنے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔

 

بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

 

انگلش بیٹر جوز بٹلر نے سیریز میں 172 رنز اسکور کیے، جس کے بعد وہ ایک درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ہیری بروک سے صرف ایک پوزیشن پیچھے ہیں۔

 

پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ان کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔

 

دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے پانچ درجے ترقی کرتے ہوئے 24ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں