Pakistan

اسلام آباد میں 3 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل کیس، ملزم 2 گھنٹے میں گرفتار

اسلام آباد میں 3 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل کیس، ملزم 2 گھنٹے میں گرفتار
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد کے علاقے شمس ٹاؤن میں 3 سالہ بچی کے اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔

 

اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ نون کی حدود میں 3 سالہ سکینہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس پی انڈسٹریل زون ڈاکٹر ایاز حسین کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔

 

پولیس کے مطابق بچی کی بازیابی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے 7 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جبکہ اسلام آباد پولیس کے مختلف زونز کے ایس ایچ اوز نے بھی سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔

 

پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی، جیو فینسنگ اور انسانی ذرائع کی مدد سے مشتبہ ملزم کاشف کا سراغ لگایا اور اسے دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔

 

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم کاشف کی نشاندہی پر 3 سالہ سکینہ کی لاش برآمد کرلی گئی، جسے مزید قانونی کارروائی اور طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش بچی کو اغوا کرنے اور قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

 

حکام کے مطابق لاش کا پوسٹ مارٹم اور فارنزک کارروائی مکمل کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جا سکے۔

 

پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، جبکہ تفتیشی عمل کے دوران ڈی این اے سمیت دیگر شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔

 

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں