Pakistan

آزاد کشمیر کونسل کے 4 ارکان کے انتخاب کا شیڈول جاری، پولنگ 12 اکتوبر کو ہوگی

آزاد کشمیر کونسل کے 4 ارکان کے انتخاب کا شیڈول جاری، پولنگ 12 اکتوبر کو ہوگی
۱ دن پہلے

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر کونسل کے 4 نئے ارکان کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق کشمیر کونسل کے 4 منتخب ارکان کی مدت 18 ستمبر 2026 کو مکمل ہونے کے بعد نئے اراکین کے انتخاب کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

 

انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار یکم اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سیکریٹری الیکشن کمیشن و ریٹرننگ افسر کے دفتر، بلاک اے جلال آباد مظفرآباد میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

 

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو صبح 10 بجے کی جائے گی، جبکہ مسترد کیے گئے کاغذات کے خلاف اپیلیں 5 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک دائر کی جا سکیں گی۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلوں کی سماعت 6 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ اسی روز دوپہر ایک بجے سے شام 4 بجے تک اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔

 

امیدوار 7 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے سے قبل کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے سے پہلے جاری کی جائے گی۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق کشمیر کونسل کے انتخابات کے لیے پولنگ 12 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12 سول سیکریٹریٹ چھتر مظفرآباد میں ہوگی۔

 

پولنگ کے اختتام کے بعد اسی روز ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امیدواروں کی اہلیت اور نااہلی کے لیے آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 21 (4) کے تحت وہی شرائط لاگو ہوں گی جو قانون ساز اسمبلی کے رکن کے انتخاب کے لیے مقرر ہیں۔

 

امیدواروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں اور اس کی رسید کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کریں۔

 

امیدوار کو اپنے انتخابی علاقے سے متعلق انتخابی فہرست میں اندراج اور اثاثہ جات کے گوشواروں کی رسید بھی جمع کرانا ہوگی۔

 

اس کے علاوہ امیدوار کو ایک بیان حلفی بھی دینا ہوگا جس میں یہ تصدیق شامل ہو کہ اس نے انتخابی اخراجات کے لیے کسی شیڈولڈ بینک میں خصوصی اکاؤنٹ کھولا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا رکن ہونا لازمی ہوگا۔

 

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت امیدوار، اس کے تجویز کنندہ، تائید کنندہ اور امیدوار کی جانب سے تحریری طور پر مقرر کردہ ایجنٹ بھی موجود رہ سکتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں