Pakistan

پنجاب: سرکاری اسکولوں کے لیے نیا نصاب منظور، کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم

پنجاب: سرکاری اسکولوں کے لیے نیا نصاب منظور، کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم
۶ گھنٹے پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے سرکاری سکولوں کے لیے نئے نصاب کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت نصابی کتب کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پیکٹا کی جانب سے نئے نصاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

اجلاس میں انگلش، ریاضی، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہوڈ کریکولم کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق نئے نصاب کا مقصد طلبہ میں رٹے کی حوصلہ شکنی کرنا اور ان کی تعلیمی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

 

نئے نصاب کے تحت ہر کتاب میں کیو آر کوڈ شامل کیے جائیں گے، جنہیں سکین کرنے کے بعد طلبہ متعلقہ مضمون اور موضوع سے متعلق ویڈیو اسباق تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کلاس اول سے بارہویں جماعت تک مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نصاب تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی تعلیم کے ساتھ سکولوں میں جدید لیبارٹریز کے قیام پر بھی توجہ دی جائے۔ انہوں نے نصابی کتب کی طباعت مارچ سے قبل مکمل کرنے کا حکم دیا۔

 

اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ اساتذہ کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ تعینات کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

 

وزیراعلیٰ نے طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اتفاق کیا گیا۔

 

اجلاس میں جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ہفتے کا ایک دن اساتذہ کی تربیت کے لیے مخصوص کرنے پر اتفاق کیا گیا، جس میں نصابی کتب تیار کرنے والے مصنفین خود اساتذہ کی رہنمائی کریں گے۔

 

مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ایک بہترین تعلیمی ماڈل دیکھنا چاہتی ہیں اور پرائمری تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ بچوں کی بنیادی تعلیمی صلاحیتیں مضبوط ہوسکیں۔

 

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ ان کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

 

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش لرننگ مکمل کی جا چکی ہے۔

 

جسمانی سزا کے حوالے سے مریم نواز شریف نے کہا کہ بچے پر تشدد کا اثر اس کی پوری زندگی پر پڑ سکتا ہے، اس لیے سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں