گلگت بلتستان کی فائٹر منیشہ علی نے آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر منیشہ علی نے انگولا کے شہر لوانڈا میں منعقدہ ’آئی ایم ایم اے ایف‘ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔
منیشہ علی نے فائنل مقابلے میں میزبان ملک انگولا کی فائٹر لیونیلا ازابیل بلائیے کو دوسرے راؤنڈ میں اسٹینڈنگ گلوٹین سبمیشن کے ذریعے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔
کامیابی کے بعد منیشہ علی کی اپنے والدین سے ویڈیو کال پر گفتگو کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں ان کی جیت کی خوشی اور جذباتی لمحات نمایاں ہیں۔
گلگت بلتستان ٹورازم کے مطابق منیشہ علی کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
باصلاحیت پاکستانی فائٹر اب ’آئی ایم ایم اے ایف‘ ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی تیاری کر رہی ہیں، جو یکم نومبر سے جارجیا میں شروع ہوگی۔
منیشہ علی کی کامیابی کو گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔