اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز تعیناتی کی منظوری
وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومت پنجاب کی درخواست پر رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت معاونت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز کی تعیناتی پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7 (b) اور 10 جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی انتشاری یا مسلح جتھے کی جانب سے حملے کی صورت میں رینجرز اور پولیس اپنے دفاع اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مناسب اور ضروری اقدامات کریں۔
وزارت داخلہ نے رینجرز اور پولیس کو کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق تعینات رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی معاونت کے لیے تمام ضروری ذمہ داریاں انجام دیں گے۔