عدالتی حکم کے باوجود سی این این اور دیگر میڈیا کو ریاستی عشائیے کی کوریج سے روک دیا گیا
امریکی میڈیا اداروں CNN، MS NOW اور Politico کے صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عدالت کی جانب سے وائٹ ہاؤس تک دوبارہ رسائی بحال کرنے کے حکم کے باوجود انہیں ریاستی عشائیے کی کوریج سے روک دیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز ان تینوں میڈیا اداروں پر "فیک نیوز" پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی وائٹ ہاؤس تک رسائی معطل کر دی تھی۔
بعد ازاں جمعرات کی صبح ایک وفاقی جج کے فیصلے کے بعد ان اداروں کے صحافیوں کو دوبارہ وائٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ جج نے قرار دیا تھا کہ پابندی بظاہر امریکی آئین سے متصادم ہے اور انتظامیہ کو میڈیا نمائندوں کو رسائی دینی چاہیے۔
تاہم تینوں میڈیا اداروں نے بتایا کہ انہیں شام کے وقت ہونے والے ریاستی عشائیے کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔
CNN کے مطابق ایک پریس کوآرڈینیٹر نے اس کے رپورٹر اور پروڈیوسر کو تقریب میں داخل ہونے سے روک دیا اور انہیں وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ سے رابطہ کرنے کا کہا۔
MS NOW کے پروڈیوسر کائل گرفن کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ کے جواب میں وائٹ ہاؤس کے ریپڈ ریسپانس اکاؤنٹ نے کہا کہ یہ تقریب پہلے سے منظور شدہ ایونٹ تھا۔
وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا کہ ان میڈیا اداروں کو وائٹ ہاؤس کے ہر حصے، ہر تقریب اور ہر پریس ایونٹ تک مکمل رسائی کا حق حاصل نہیں۔