World

جمہوریہ کانگو: فوجی طیارہ گر کر تباہ، دو سینئر جنرلز سمیت 14 افراد ہلاک

جمہوریہ کانگو: فوجی طیارہ گر کر تباہ، دو سینئر جنرلز سمیت 14 افراد ہلاک
۱ دن پہلے

جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے جنوب مغربی علاقے میں ایک عسکری طیارہ فنی خرابی کے باعث رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 سینئر جنرلوں سمیت کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

 

حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارے نے مناسب لینڈنگ سٹرپ موجود نہ ہونے کے باعث ایک رہائشی پلاٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، تاہم طیارہ گرنے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

 

طیارہ جنوب مغربی شہر کیکوٹ سے دارالحکومت کنشاسا کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ دورانِ سفر اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ جس کے بعد طیارے نے صوبہ کوانگو کے شہر کینگے میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔

 

صوبہ کوانگو کے نائب گورنر ریمی ساکی بوکندا کے مطابق کینگے میں کوئی مناسب رن وے یا لینڈنگ سٹرپ موجود نہیں تھی، جس کے باعث طیارہ ایک رہائشی پلاٹ پر جا گرا۔

 

کانگو کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل افومی ایکینگے نے حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جان سے گئے۔

 

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 12 لاشیں بری طرح جھلس گئیں، جس کے باعث ان کی شناخت ممکن نہیں رہی، جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے ملبے سے باہر ملی۔

 

فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 جنرلوں کے ہمراہ سفر کرنے والے سرکاری وفد کے ارکان، دیگر فوجی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔ نائب گورنر نے بھی تصدیق کی کہ زیادہ تر لاشیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

 

میجر جنرل ایکینگے کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

وسطی افریقہ کا وسیع اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک جمہوریہ کانگو کئی دہائیوں سے داخلی کشمکش اور مسلح تنازعات کا شکار ہے۔ خاص طور پر روانڈا سے ملحقہ مشرقی علاقوں میں متعدد مسلح گروہ قیمتی معدنی ذخائر پر قبضے کے لیے سرگرم ہیں، جبکہ کانگو کی فوج مختلف باغی گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں