نیو کراچی صنعتی ایریا میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد
کراچی کے نیو کراچی صنعتی ایریا کی کچی آبادی میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت سویرا کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق سویرا کے شوہر سرفراز نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وہ قسطوں پر موبائل فون دینے کا کاروبار کرتا ہے اور کاروباری سلسلے میں گھر سے باہر گیا ہوا تھا۔
اس کے مطابق رات پونے 9 بجے گھر واپس آیا تو بیوی کو خون میں لت پت پایا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے گلے پر تیز دھار آلے سے گہرا زخم پایا گیا۔
ابتدائی معائنے کے دوران واقعے میں استعمال ہونے والا آلہ برآمد نہیں ہوسکا جبکہ مقتولہ کا موبائل فون بھی گھر سے غائب ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ اور وقت پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگا۔
مقتولہ کی سابقہ منگنی اور بعد ازاں شادی کے حالات سمیت واقعے کے دیگر پہلوؤں سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔