Breaking News

پاک حج ایپ پر عازمین حج کی سہولت کے متعدد نئے فیچرز متعارف

پاک حج ایپ پر عازمین حج کی سہولت کے متعدد نئے فیچرز متعارف
۷ گھنٹے پہلے

وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ پر متعدد نئے فیچرز متعارف کروا دیے۔

 

اعلامیے کے مطابق اب عازمین حج گھر بیٹھے پیکیج کے دورانیے اور رہائش میں ترمیم کرسکیں گے۔

 

 عازمین کے لیے دو بیڈ، تین بیڈ، خاندانی کمرے یا مشترکہ رہائش کا انتخاب بھی گھر بیٹھے ممکن ہوگا۔

 

اعلامیے کے مطابق لانگ پیکیج کو شارٹ یا شارٹ پیکیج کو لانگ پیکیج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔

 

پاک حج ایپ سے طبی فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ لے کر مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروانے کا عمل جاری ہے۔

 

 تصدیق کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ کو پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ 

 

سمندر پار پاکستانی بھی اپنے قریبی ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔

 

کامیاب عازمین حج کو مشکل حالات کے کوٹے کے تحت اپنے محرم یا مددگار کی درخواست دینے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

 

 کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور رقم واپس لینے کا اختیار بھی متعارف کرادیا گیا ہے۔

 

وزارت مذہبی امور کے مطابق قومی آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے نجی حج کی بکنگ بھی جاری ہے۔ 

 

وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج پورٹل سے باہر نجی حج کی بکنگ یا ادائیگی کی اجازت نہیں۔

 

اعلامیے کے مطابق نجی حج اسکیم میں 26 ہزار درخواستیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں