راولپنڈی:اغوا کے بعد قتل کی جانے والی 28سالہ خاتون کا قاتل دیورنکلا
راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ ڈھوک جھنگ سے اغوا کے بعد قتل کی جانے والی 28 سالہ خاتون نبیلہ شاہین کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس کے مطابق واردات میں مقتولہ کا دیور ملوث نکلا ہے۔
پولیس کے مطابق نبیلہ شاہین کو 12 ستمبر کو گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران گرفتار ملزم کی نشاندہی پر خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی، جسے مبینہ طور پر قتل کے بعد شواہد چھپانے کے لیے ایک گڑھے میں دفن کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ کے ساتھ اغوا ہونے والی دو کمسن بچیوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مقتولہ کا دیور ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق جائیداد کے تنازع اور مقدمہ بازی کی وجہ سے خاتون کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ خاتون کے اغوا کا مقدمہ اس کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے کردار کا تعین کیا جاسکے۔