علیمہ خان کو وکلا سے ملاقات اور طبی سہولیات پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کو جیل میں بنیادی سہولیات، میڈیکل سہولتوں اور ملاقات کے حق سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ انہیں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء فراہم کردی گئی ہیں۔
جسٹس عبہر گل کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرخ خان لودھی نے ہوم سیکرٹری کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ درخواست گزار علیمہ خان کو جیل میں ضرورت کی مختلف اشیاء مہیا کردی گئی ہیں، جن میں بیڈ شیٹ، کمبل، جوتے، چھ سوٹ، کالے رنگ کا بیگ، تولیہ، فیس واش، برش اور شال شامل ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے روزمرہ استعمال کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ سامان فراہم کردیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے وکلا سے ملاقات اور طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کی ملاقات اور میڈیکل سہولتوں سے متعلق معاملہ متعلقہ قوانین کے تحت دیکھا جائے۔