عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 103 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 14 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 103 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 34 سینٹ اضافہ ہوا، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی 89 ڈالر 72 سینٹ فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی سے متعلق رپورٹس کی تردید کو قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ماہ تقریباً 14 فیصد اضافے کی جانب بڑھ رہی ہے، جو جولائی کے بعد سب سے بڑا ماہانہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی رواں ماہ تقریباً 4 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔