Business

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
۵ گھنٹے پہلے

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں خریداری کے رجحان کے باعث بینچ مارک انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

دوپہر 1 بج کر 20 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1207.88 پوائنٹس اضافے کے بعد 170,808.28 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

 

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔

 

اٹک ریفائنری، حب پاور، ماری پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور نیشنل بینک سمیت اہم شیئرز میں مثبت رجحان رہا۔

 

دوسری جانب وزارت خزانہ نے پاکستان کی لوکل کرنسی بانڈ مارکیٹ کے لیے اسٹریٹجک ایکشن پلان جاری کردیا ہے۔

 

یہ اقدام آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد مارکیٹ میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنا، ثانوی مارکیٹ میں لیکویڈیٹی بڑھانا، سرمایہ کاروں کا دائرہ وسیع کرنا، حکومتی قرض گیری کو بہتر بنانا اور روپے میں جاری سیکیورٹیز کے نظام میں اصلاحات لانا ہے۔

 

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 4300 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 41 ہزار 636 روپے ہوگئی۔

 

10 گرام سونے کی قیمت 3686 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 631 روپے ہوگئی۔

 

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 43 ڈالر اضافے سے 4191 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں