Business

ایندھن قیمتوں میں اضافہ عوام پر منتقل کیا جائے گا، حکومت کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

ایندھن قیمتوں میں اضافہ عوام پر منتقل کیا جائے گا، حکومت کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی
۱۲ گھنٹے پہلے

پاکستانی حکام نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اثر صارفین تک منتقل کیا جائے گا، جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔

 

رپورٹس کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف مشن نے مالیاتی استحکام برقرار رکھنے اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا ہے۔

 

آئی ایم ایف مشن نے پاکستانی حکام سے کہا کہ بڑھتے ہوئے قرضوں کے دباؤ کے پیش نظر مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

مشن نے توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کے مسئلے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کرنے پر زور دیا۔

 

آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی صورت میں پیدا ہونے والے ممکنہ مالی خسارے کو پورا کرنے کے لیے متبادل آمدنی کے ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔

 

پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود معاشی اور ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ حکام نے ایندھن مہنگا ہونے کی صورت میں اس کے مالی اثرات عوام تک منتقل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 

تاہم پاکستانی حکام کے مطابق کم آمدنی والے طبقات کو بڑھتی ہوئی ایندھن قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے ہدفی سبسڈی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ضرورت مند افراد کو مخصوص مالی مدد فراہم کی جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں