World

فاطمہ زہرا المنصوری مراکش کی پہلی خاتون وزیر اعظم مقرر

فاطمہ زہرا المنصوری مراکش کی پہلی خاتون وزیر اعظم مقرر
۱۱ گھنٹے پہلے

مراکش کے شاہ محمد ششم نے فاطمہ زہرا المنصوری کو ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم مقرر کرتے ہوئے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری دے دی ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاطمہ زہرا المنصوری کی جماعت صداقت اور جدیدیت پارٹی نے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں، جس کے بعد انہیں حکومت بنانے کا موقع دیا گیا۔

 

ان کی جماعت نے 395 رکنی مراکشی پارلیمنٹ میں 97 نشستیں حاصل کیں، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت 66 نشستوں کے ساتھ موجود رہی۔ تاہم کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث حکومت بنانے کے لیے اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

 

50 سالہ فاطمہ زہرا المنصوری اس سے قبل مراکش کی وزیر ہاؤسنگ کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ مراکش شہر کی میئر بھی ہیں اور 2009 میں پہلی مرتبہ اس منصب پر منتخب ہو کر شہر کی پہلی خاتون میئر بنی تھیں۔

 

سیاسی میدان میں طویل تجربہ رکھنے والی فاطمہ زہرا المنصوری کی وزیر اعظم کے طور پر تقرری کو مراکش کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ مراکش کی پہلی خاتون وزیر اعظم جبکہ عرب دنیا میں اس عہدے تک پہنچنے والی دوسری خاتون ہیں۔

 

مراکش میں آئینی بادشاہت کا نظام موجود ہے، جہاں شاہ محمد ششم کو اہم حکومتی اور سیاسی معاملات میں وسیع اختیارات حاصل ہیں۔ پارلیمنٹ قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے، تاہم اہم پالیسی معاملات میں بادشاہ کا کردار نمایاں ہے۔

 

2011 کی آئینی اصلاحات کے بعد پارلیمنٹ اور حکومت کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا، تاہم بادشاہ کے اہم اختیارات برقرار رہے۔ نئی حکومت کی تشکیل میں سیاسی اتحاد اور مختلف جماعتوں کے درمیان تعاون مستقبل کے لیے اہم ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں